وڈودرا میں 15 سال بعد ہونے والی ہے بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی، روہت-کوہلی اس موقع کو بنائیں گے یادگار!
بی سی اے کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شروع ہونے والی یک روزہ سیریز کے پہلے میچ سے عین قبل روہت اور وراٹ کے ساتھ ایک چھوٹا لیکن اہم ایونٹ منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔


i
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وڈودرا میں 11 جنوری سے یک روزہ سیریز کی شروعات ہو رہی ہے۔ یہ نئے سال میں ہندوستانی ٹیم کی پہلی بین الاقوامی سیریز ہوگی اور پہلا ہی میچ انتہائی خاص ہونے والا ہے۔ وڈودرا میں تقریباً 15 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، اور اس کے ساتھ ہی شہر کے نئے اسٹیڈیم کا ’ڈیبیو‘ ہونے جا رہا ہے۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی موجودگی سے یہ موقع مزید خاص ہو جائے گا۔
اتوار کو ہونے والے اس پہلے یک روزہ میچ کے ساتھ وڈودرا کو نئے کوٹامبی اسٹیڈیم میں کرکٹ کا آغاز ہوگا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس خاص موقع پر بی سی سی آئی کے اعلیٰ افسران بھی پہنچیں گے۔ موقع کو یادگار بنانے کے لیے ’بڑودہ کرکٹ ایسو سی ایشن‘ (بی سی اے) ایک خاص پروگرام بھی منعقد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایسو سی ایشن 11 جنوری کو روہت اور وراٹ کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک ایسی تقریب منعقد کرنا چاہتا ہے، جس میں دونوں خاص انداز میں نظر آئیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بی سی اے نے میچ سے پہلے روہت اور کوہلی کے ساتھ ایک چھوٹا لیکن اہم ایونٹ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
’ریو اسپورٹس‘ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ میچ سے عین قبل پرچم دکھانے والا ایونٹ منعقد ہوگا۔ پرچم دکھانے کا یہ عمل بی سی سی آئی چیف، ڈپٹی چیف، سکریٹری یا ہندوستانی کپتان شبھمن گل کے ہاتھوں انجام نہیں دلوایا جائے گا۔ بی سی اے یہ اعزاز روہت اور کوہلی کو دینا چاہتا ہے، اور اس کے لیے اسے بی سی سی آئی کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ بی سی اے کے سی ای او سنیہل پارکھ کے حوالہ سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انھیں صرف روہت اور وراٹ کی ’ہاں‘ کا انتظار ہے۔ اگر دونوں سرکردہ شخصیات اس کے لیے راضی ہوتے ہیں تو پھر ان کے لیے پرچم لہرانے کے بعد ہی میچ شروع ہوگا۔
بی سی اے کی اس کوشش کی بڑی وجہ روہت اور کوہلی کے تئیں کرکٹ شیدائیوں کی دیوانگی اور دونوں معروف کرکٹر کے کیریئر سے متعلق جاری غیر یقینی ہے۔ روہت اور کوہلی اپنے کیریئر کے آخری مرحلہ میں داخل ہو چکے ہیں۔ ایسے میں ملک کے جس بھی حصے میں وہ ہندوستانی ٹیم کے لیے کھیلنے اترتے ہیں، اسے ہر کوئی یادگار بنانا چاہتا ہے۔ 11 جنوری کے بعد وڈودرا میں شاید روہت-کوہلی میچ کھیلنے نہ آئیں، اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے بی سی اے سامنے موجود موقع کو گنوانا نہیں چاہتا۔ بی سی اے کی کوشش ہے کہ وہ روہت اور کوہلی کو بہتر سے بہتر انداز میں اعزاز بخشے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


